APP22-200225 MURREE: February 20 – People enjoying during heavy snowfall in the city during morning time. APP/ADZ/MAF/TZD

ممکنہ برف باری کے پیش نظر مری میں کوڈریڈ نافذ ۔ انتظامی ادارے ہائی الرٹ

مری میں ممکنہ برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے انتظامات مکمل کر لیے اور متعلقہ ادارو ں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ۔ تمام متعلقہ محکمے فیلڈ میں موجود ہیں۔ ریسکیو 1122، ہائی وے پولیس، روڈز ڈیپارٹمنٹ، آر ڈبلیو ایم سی، ٹورازم اسکواڈ اور دیگر محکموں کے افسران و اہلکار مشینری سمیت مختلف علاقوں میں تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ برفباری کی صورت میں فوری اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مری کے مختلف مقامات پر 13 فیسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں سیاحوں کو رہنمائی، ابتدائی طبی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہے جو صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

برفباری کے پیش نظر ضلع مری میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے جامع ایمرجنسی کور پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مری انجینئر کامران رشید کی زیر نگرانی ریسکیو افسران و اہلکار شہریوں اور سیاحوں کو بروقت، موثر اور بلا تعطل ریسکیو سہولیات کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت مصروفِ عمل ہیں۔خراب موسمی حالات کے تناظر میں ریسکیو 1122کی جانب سے الرٹ جاری کرتے ہوئے ضلع مری میں کوڈ ریڈ نافذ کر دیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری قابو پانا، انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا اور ٹریفک و عوامی نقل و حرکت کو محفوظ بنانا ہے۔اس ضمن میں مری میں تمام مستقل ریسکیو اسٹیشنز، حساس شاہراہوں اور اہم سیاحتی مقامات پر تربیت یافتہ اہلکار ایمرجنسی وہیکلز کے ہمراہ چوبیس گھنٹے الرٹ رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ ان مقامات میں بائی پاس روڈ پنڈی پوائنٹ، چھرہ پانی آر ایم کے روڈ، سترہ میل ایکسپریس وے، نیو مری، جی پی او چوک مال روڈ، کجھٹ ایکسپریس وے، اپر جھیکاگلی روڈ، کالی مٹی باڑیاں روڈ، اوسیہ اپر دیول روڈ، گھوڑا گلی، چھتر جی ٹی روڈ، بھوربن روات اور سرینگر روڈ علیوٹ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: خطہ پوٹھوہار میں سردیوں کی پہلی بارش۔اتوارکومزید علاقوں تک دائرہ پھیلنے کا امکان

یسکیو 1122 کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ 13فیسلیٹیشن سنٹرز سمیت16ایمرجنسی ایمبولینسز، 7فائر فائٹنگ وہیکلز، 2 ریسکیو وہیکلز اور 25ریسکیو بائیکس پر مشتمل متحرک ریسپانس فورس تعینات کی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مری انجینئر کامران رشید نے کہا ہے کہ شہری اور سیاح کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے مال روڈ، کنٹرول روم اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کا تفصیلی دورہ کرکے انتظامات کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنرنے جھیکا گلی، کلڈنہ اور دیگر حساس مقامات پر قائم فیسیلیٹیشن سنٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سیاحوں اور شہریوں کے لیے سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت الرٹ رہیں۔

ڈپٹی کمشنرنے اس موقع پر کہا کہ سیاحوں کی سہولت اور حفاظت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک مینجمنٹ پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ممکنہ برفباری کے پیش نظر تمام عملہ اور مشینری فیلڈ میں موجود ہے تاکہ کسی بھی مشکل صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔آغا ظہیر عباس شیرازی نے عوام الناس اور سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے مری آنے اور جانے والے حضرات کو بھی ہدایت کی کہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سفر کا منصوبہ ترتیب دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ محکمہء موسمیات نے بالائی علاقوں میں برف باری کی پیش گوئی کررکھی ہے۔اتوار کو بارش کے ساتھ برف پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔