امریکہ میں اوہائیو پولیس کے سی سی ٹی وی کیمروں نے ایک انتہائی خطرناک واقعے کو ریکارڈ کیا، جس میں ایک 21 سالہ نوجوان نے ایک اسٹور کے اندر پولیس افسر پر بالکل قریب سے گولی چلانے کی کوشش کی۔ خوش قسمتی سے گن دو بار جام ہوگئی اور ایک سکیورٹی اہل کار نے فوری مداخلت کر کے بڑے حادثے کو ٹال دیا۔
واقعے کا آغاز اس وقت ہوا جب مشتبہ نوجوان اور اس کے ساتھ موجود ایک خاتون کو سامان چوری کرنے کے شبہ میں حراست میں لیا گیا۔ جس وقت افسر ان کے کوائف کی جانچ پڑتال کی تیاری کر رہا تھا، تو صورت حال اچانک مسلح تصادم میں بدل گئی۔ نوجوان نے اپنے کندھے پر لٹکے بیگ میں چھپایا ہوا پستول نکالا اور افسر کے سر پر تان دیا۔
ہتھیار کے تعطل کی وجہ سے دو بار ٹک ٹک کی آواز سنائی دی، ساتھ موجود خاتون خوف کے مارے چیخنے لگی۔ اسی لمحے وہاں موجود ایک سکیورٹی اہل کار حملہ آور کو قابو کرنے کے لیے اس پر جھپٹ پڑا، جس سے پولیس افسر کو موقع مل گیا کہ وہ اسے پکڑ کر زمین پر گرا دے اور اضافی نفری کے پہنچنے تک اسے قابو میں رکھے۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس افسر نے اپنے ساتھیوں کے سامنے اعتراف کیا کہ وہ ابتدائی تلاشی کے دوران اسلحہ برآمد کرنے میں ناکام رہا تھا، حالانکہ حملے سے چند منٹ پہلے اسے وائرلیس پر اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مذکورہ شخص مسلح اور خطرناک ہے۔ پولیس افسر اپنا اسلحہ استعمال کرنے ہی والا تھا، لیکن وہ اس ڈر سے ہچکچا گیا کہ کہیں حملہ آور سے پستول چھیننے کی کوشش میں مصروف سکیورٹی اہل کار کو گولی نہ لگ جائے۔
آخرکار قتل کی اس کوشش کو ایک کامیاب گرفتاری میں بدل دیاگیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos