فائل فوٹو
فائل فوٹو

مریم نواز نے توشہ خانہ سے گاڑی لی اس پر کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟ علیمہ خان

راولپنڈی: پی ٹی آئی رہنما علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس پر 17 سال قید کی سزا سنائی گئی، مریم نواز نے جو گاڑی توشہ خانہ سے لی تھی اس کا وہ جواب نہیں دے پائی تھی اس کا کیا ہوا؟ قانون کا مذاق بنایا ہوا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر اپنے وکیل فیصل ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی نے گزشتہ سال 22 نومبر کو پُرامن احتجاج کی کال دی تھی، میرے اوپر الزام ہے میں نے بانی کا پیغام عوام تک پہنچایا، ہمارے خلاف پولیس والوں کو لاکر گواہی کیلئے کھڑا کیا جاتا ہے، ہمارے خلاف جھوٹی گواہی دینے والوں کو بھی سزا ہونی چاہیے انصاف پاکستان میں اب ختم ہوچکا ہے اچھے ججز بھی ہیں عدلیہ میں لیکن ان کی نہیں سنی جاتی۔

انہوں ںے کہا کہ بانی نے ہمیشہ رول آف لاء کی بات کی ہے، جو جج رول آف لاء کی بات کرتا ہے اسے دبایا جاتا ہے، حقیقت سب کو پتا ہے کیا ہورہا ہے، بانی اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس بوگس کیس ہے، توشہ خانہ کیس میں الزام یہ ہے کہ ہار کی قیمت کم لگوائی گئی اور قیمت کم لگانے پر 17 سال قید کی سزا سنائی گئی، مریم نواز نے جو گاڑی توشہ خانہ سے لی تھی اس کا وہ جواب نہیں دے پائی تھی، پاکستان میں قانون کا مذاق بنایا گیا ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی نے پرسوں بھی پیغام بھیجا وہ قوم کیلئے شہادت قبول کریں گے، بانی پی ٹی آئی اڑھائی سال سے جیل میں بیٹھے ہیں، بانی نے ہمیشہ کہا وہ اپنے کیسز کا سامنا کریں گے، بانی کو ملک سے جانے کی پیشکش بھی آتی رہیں، جو ججز غلط سزائیں دے رہے ہیں وہ جہاز پکڑ کے ملک سے باہر جاتے ہیں، ہم ان ججز کے نام یاد رکھیں گے۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ اے ٹی سی کے جج بھی لگتا ہے کسی پلان کے تحت چل رہے ہیں، میں نے بانی کا پیغام میڈیا کو دیا تھا، ہم میڈیا کے لوگوں کو اپنے گواہ کے طور پر پیش کریں گے، بانی کو ہم نے 11 کتابیں بھیجی تھی جج صاحب نے کہا 9 کتابیں انہیں مل چکی ہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی نے اسٹریٹ موومنٹ کیلئے کے پی لیڈر شپ کو پیغام بھیجا ہے، تحریک تحفظ آئین کی کانفرنس کے اعلامیے کے بارے میں مجھے علم نہیں، بانی پی ٹی آئی 90 فیصد لوگوں کی نمائندگی کررہے ہیں، جو لوگ کہہ رہے ہیں مذاکرات کیے جائیں وہ بانی کے موقف کے ساتھ نہیں، جو پارٹی لیڈر مذاکرات کی بات کرتے ہیں وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھی نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔