اسلام آباد: پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی نجکاری کے لیے بولی کل اسلام آباد میں ہوگی، کامیاب پارٹی کو بقیہ 25 فیصد حصص خریدنے کے لیے 90 دن کی مہلت دی جائے گی۔
نجکاری کمیشن ذرائع کے مطابق ممکنہ نئے سرمایہ کار کو 5 سال میں 80 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرنا ہوگی، 75 فیصد حصص کی رقم کا ساڑھے 92 فیصد پی آئی اے میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال ہوگا، ساڑھے 7 فیصد رقم حکومت کو منتقل کی جائے گی۔
نجکاری کمیشن بورڈ پہلے ریزرو پرائس کی منظوری دے گا جس کے بعد کابینہ کمیٹی نجکاری سے حتمی منظوری لی جائے گی۔ پری کوالیفائیڈ بڈرز گروپس صبح پونے 11 بجے سے سوا 11 بجے تک اپنی اپنی بڈز جمع کرائیں گے اور ساڑھے تین بجے میڈیا کی موجودگی میں سیل بند بولیاں کھولی جائیں گی۔
حکام نجکاری کمیشن کے مطابق ریزرو پرائس سے زائد ہونے کی صورت میں بڈ اوپن کی جائے گی، کم بولی کی صورت میں سب سے زیادہ بولی دہندہ کو قیمت میچ کرنے کا موقع دیا جائے گا، کامیاب بولی دہندہ کو باقی 25 فیصد حصص خریدنے کیلئے 90 دن کی مہلت دی جائے گی۔
پی آئی اے کے ملازمین کو ایک سال تک ملازمت کا تحفظ فراہم کیا جائے گا، پنشن اور ریٹائرمنٹ کے بعد مراعات ہولڈنگ کمپنی کے ذمے ہوں گی۔
واضح رہے کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کے کل اثاثہ جات کی مالیت 150 ارب سے 190 ارب روپے کے درمیان ہے، پی آئی اے کے پاس 34 طیارے اور 90 سے زائد روٹس شامل ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos