کراچی:پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے اندرونِ سندھ ضلع گھوٹکی کےکچے کے علاقے کراس بند خان گڑھ چوک میں اندھڑ، لاٹھانی، بکھرانی میں شیخانی اور مزاری جرائم پیشہ گینگز کےخلاف مشترکہ آپریشن کے دوران بدنام زمانہ ڈاکو عبداللہ دشتی، ہزارا عرف لالا شیخانی ، آذان عرف چھلو سمیت9ڈاکوﺅن کو ہلاک اور27 ڈاکوﺅں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق15دسمبر 2025 کی شب صادق آباد سے کوئٹہ جانےوالی مسافر بس ( صدا بہار ) سے ضلع گھوٹکی اوباڑو کے قریب مسلح ڈاکوﺅں نے 18مسافروں کو بس سے اتار کر اغوا کر لیا تھا ، سندھ رینجرز اور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مغویوں کو بازیاب کروا لیا تھا جبکہ ڈاکوﺅں کے خلاف آپریشن جاری رکھا گیا تھا، آپریشن میں ڈکیت فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے،رینجرز اور پولیس کی بروقت کارروائی میں ڈاکوﺅں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 9 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ڈاکو ہزارہ عرف لالا شیخانی اور آذان عرف چھلو پر پنجاب پولیس کی جانب 50 ، 50 لاکھ روپے انعامی رقم مقرر کر رکھی تھی ، رینجرز اور پولیس نے ڈاکوﺅں کے چنگل سے8مزید مغوی جو پہلے سے ڈاکوﺅں کی حراست میں تھے انھیں بھی بازیاب کرا لیا گیا۔
دوران آپریشن تنویر اندھڑ، چھلو بکھرانی اور قابل شیخانی کے ٹھکانوں سے مختلف قسم کا اسلحہ اور ایمونیشن بھی قبضے میں لیا گیاجن میں 12.7 گن، ایل ایم جی ، آر آر 75, 2 عدد آر پی جی 7, 4 عدد جی تھری ، 4 عدد ایس ایم جی ، 3عدد 12 بور، رپیٹر ، 9 ایم ایم پسٹل اور مختلف اقسام کا ایمیونشن شامل ہیں، اس کے علاوہ 9 موبائل فون اور ایک کرولا گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔
تمام برآمد شدہ اسلحہ و ایمونیشن ، مغوی افراد اور دیگر سامان پولیس تھانہ سومیانی ، تحصیل روجھان کے حوالے کر دیے گئے، عوام ڈاکوئوں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں اور سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کے لیے رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos