امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں اپنے کردار کا حوالہ دیا ہے۔
فلوریڈا میں وزیر دفاع اور وزیر بحری امور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دنیا میں اب تک آٹھ جنگیں رکوائیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی تصادم بھی شامل تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کشیدگی کے دوران آٹھ طیارے تباہ ہوئے، تاہم بروقت مداخلت سے بڑے جانی نقصان کو روکا گیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک قابل احترام شخصیت ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی جنگ رکوانے کے اقدام کو سراہا۔ ٹرمپ کے مطابق اس کوشش کے نتیجے میں تقریباً ایک کروڑ افراد کی جانیں بچائی گئیں۔
پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے بحری طاقت سے متعلق اہم اعلانات بھی کیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا 100 گنا زیادہ طاقتور ٹرمپ کلاس بحری جہاز تیار کر رہا ہے، جبکہ 15 نئی آبدوزیں بھی بنائی جا رہی ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ آبدوز سازی کے شعبے میں امریکا چین اور روس سے کم از کم 15 سال آگے ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نئی آبدوزیں اور بحری جہاز دنیا بھر میں امریکا کے دشمنوں کے لیے خوف کی علامت بنیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وکٹری نامی بحری جہاز امریکی فوجی طاقت کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ جہاز سازی کی صنعت کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا اپنی بحریہ کو دنیا کی سب سے طاقتور بحریہ بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے، بحریہ کے ہیڈکوارٹر کو بھی جدید بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ممالک چند سال پہلے امریکا کا مذاق اڑاتے تھے، آج وہ اس کا احترام کرنے پر مجبور ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos