فیلڈ مارشل عاصم منیر بدلتے عالمی نظام میں پاکستان کے مؤثر اسٹریٹجک رہنما قرار، فنانشل ٹائمز

 

برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے عالمی نظام میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے تناظر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اسٹریٹجک قیادت کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے انہیں پاکستان کے مؤثر ترین اسٹریٹجک رہنماؤں میں شامل کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق موجودہ عالمی سیاست میں درمیانی طاقتوں (مڈل پاورز) کو بیک وقت متعدد عالمی قوتوں کے ساتھ توازن قائم رکھنا درپیش ہے، جو ایک پیچیدہ چیلنج بن چکا ہے۔ ایسے حالات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مڈل پاورز کے کامیاب ملٹی الائنرز کے طور پر نمایاں کیا گیا ہے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق انہوں نے کثیر جہتی خارجہ حکمتِ عملی کے تحت پاکستان کی سفارتکاری کو واشنگٹن، بیجنگ، ریاض اور تہران کے ساتھ بیک وقت متحرک اور مؤثر رکھا، جس کے نتیجے میں پاکستان کے لیے نئے سفارتی امکانات پیدا ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر روایتی اور منفرد سفارتی انداز کے ساتھ بہتر ہم آہنگی پیدا کرنے میں بھی پاکستان کی عسکری قیادت کامیاب رہی۔ ٹرمپ کے ساتھ بروقت رابطے اور نرم سفارتی رویے کو پاکستان کے لیے فائدہ مند قرار دیا گیا ہے۔

جریدے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مڈل پاورز کے لیے ایک کامیاب کثیر الجہتی اسٹریٹجسٹ اور مؤثر سفارتکاری کی واضح مثال بن کر سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی اس سفارتی پیش رفت نے خطے میں توازن پر اثر ڈالا، جبکہ بھارت کے لیے درمیانی طاقت کے طور پر کردار ادا کرنا توقع سے زیادہ مشکل ثابت ہوا۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق بھارت بدلتے عالمی حالات اور امریکی قیادت کے سفارتی انداز سے ہم آہنگ ہونے میں مشکلات کا شکار رہا، جس کے باعث اسے مڈل پاور حکمتِ عملی میں چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔