پی آئی اے کی نجکاری مثبت اقدام،ملک کو کئی فوائد حاصل ہوں گے،محمد زبیر

سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے پی آئی اے کی نجکاری کو مثبت اقدام قرار دیا اور کہا ہے کہ اس سے ملک کو کئی فوائد حاصل ہوں گے۔

محمد زبیر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے اقدامات 2015 میں حتمی مرحلے تک پہنچ چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف ہمیشہ پرائیوٹائزیشن کے حق میں رہے اور انہوں نے انہیں ہی نجکاری کا چیئرمین بنایا تھا۔ نواز شریف کا مؤقف تھا کہ پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل مل جیسے بڑے اداروں کو نجکاری کے ذریعے بہتر بنایا جائے۔

سابق گورنر نے بتایا کہ 2015 میں نجکاری کے دوران اپوزیشن، بشمول پی ٹی آئی اور پی پی، شدید مخالف تھی اور حتمی میٹنگ میں اپوزیشن اراکین نے سپورٹ دینے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے اس صورتحال میں کہا کہ اگر اپوزیشن نہیں چاہتی تو ہم بھی نجکاری نہیں کریں گے، تاہم بعد میں انہوں نے نجکاری کے اگلے مرحلے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی۔

محمد زبیر نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری سے ادارے کو مالی فوائد حاصل ہوں گے اور گزشتہ سالوں میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے لیے عارف حبیب جیسے مضبوط اور تجربہ کار گروپ کی شمولیت ضروری تھی، جس سے ادارے کی بہتری میں مدد ملی۔

سابق گورنر نے یہ بھی کہا کہ ملک کے دیگر اداروں کی نجکاری میں بھی ایسے اصول اور سہولیات دی جانی چاہئیں جو پی آئی اے کی نجکاری کے دوران فراہم کی گئی تھیں تاکہ سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ حصہ لے سکیں۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ نجکاری کے عمل کو مکمل کرنے سے ادارے کی استعداد کار اور مالی صورتحال میں بہتری آئے گی اور یہ ملک کے لیے مثبت قدم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔