آئیں!قائداعظم کے نقش قدم پر چلیں اورہرشعبے میں محنت کریں۔صدر، وزیراعظم

صدراور وزیراعظم نے قوم کو بانی پاکستان کے نقش قدم پرہرشعبے میں محنت کرنے کی دعوت دی ہے۔

بانی پاکستان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے قومی تقریبات کا آغاز صبح کے وقت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21, 21توپوں کی سلامی سے ہوا،مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد قرآن خوانی کی گئی، مملکت پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائدِاعظمؒ کے اصولِ جمہوریت، انصاف اور مساوات آج بھی پاکستان کے لئے مشعلِ راہ ہیں اور انہیں قومی فیصلوں اور اداروں کی بنیاد بنانا ناگزیر ہے، قائدِ اعظمؒ کا پیغامِ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط قوم کو ایک واضح سمت فراہم کرتا ہے جو موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے، سماجی ہم آہنگی کے فروغ اور قومی اعتماد کی بحالی کے لئے نہایت اہم ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آئندہ برس قائداعظمؒ کی 150ویں سالگرہ منائی جائے گی جو ان کی زندگی اور جدوجہد پر سنجیدہ اور فکری غور و فکر کا ایک اہم موقع ہوگا، یہ موقع قوم کو قائداعظمؒ کے وژن سے اپنے عزم کی تجدید اور ان کے نظریات کو دیانت اور مقصدیت کے ساتھ آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔

صدر نے تمام پاکستانیوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظمؒ کے اعلیٰ اصولوں کو اپنائیں اور ایک پُرامن، جامع اور مستقبل کی جانب دیکھنے والے پاکستان کی تعمیر میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے تاہم اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ان چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔آصف علی زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت جمہوریت کے استحکام، برداشت کے فروغ اور بلا امتیاز تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ پاکستان ہے جس کا خواب قائداعظمؒ نے دیکھا تھا اور جس کی تکمیل کے لئے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اتحاد، دیانت، مقصدیت اور باہمی احترام میں مضمر ہے اور قوم کو قائداعظمؒ کے رہنما اصولوں کی روشنی میں ایک منصفانہ، جمہوری اور بااعتماد مستقبل کی تعمیر کے لئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد کا یومِ پیدائش آپ کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونے کیلئے تجدید عہد کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 149 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم پوری قوم کے ساتھ ہم آواز ہو کر قائد اعظم محمد علی جناح کو دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر سال قائد اعظم کا یوم پیدائش پوری قوم کے لئے تجدید عہد کا موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم انفرادی اور بحیثیت مجموعی قومی سطح پر قائداعظم کے رہنما سیاسی اصولوں ، ریاستی فلاح و بہبود اور دائمی معاشرتی اصلاح کی تعلیمات پر موثر انداز میں عمل پیرا ہوں۔ قائداعظم نےبلا تفریق رنگ و نسل، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی رواداری اور انصاف جیسے رہنماء اصولوں کا درس دیا،آپ کے سنہری اصول ایمان، اتحاد، تنظیم نہ صرف درخشاں قومی مستقبل کی ضمانت بلکہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کے لئے بھی مشعل راہ ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح وہ عظیم رہنما اور عالمی لیڈر ہیں جن کی سیاسی بصیرت اور بے لوث قیادت نے قیام پاکستان اور مسلمانان برصغیر کے سیاسی مستقبل میں فیصلہ
کن کردار ادا کیا، قائداعظم محمد علی جناح دھرتی کے وہ ناقابل فراموش سپوت ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑ کر مملکت خداداد کے قیام کو ممکن بنایا۔

وزیراعظم نے قوم کو دعوت دی کہ آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ قائداعظم کے نقش قدم پہ چلتے ہوئے قومی عزت و وقار، تحفظ اور ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر خلوص نیت اور بے لوث لگن سے ہر شعبہ ہائے زندگی میں محنت کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔