کراچی میں تیل چوری کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی، جہاں نیشنل آئل ریفائنری کی لائن سے غیر قانونی طور پر تیل نکالنے کے لیے بنائی گئی طویل سرنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے تیل چوری کے لیے تقریباً 140 میٹر لمبی سرنگ کھودی تھی، جو نیشنل آئل ریفائنری کی پنجاب جانے والی لائن تک پہنچتی تھی۔ سرنگ کی تیاری کے لیے 16 فٹ گہرا کنواں بنایا گیا تھا، جس کے نچلے حصے سے سرنگ کا آغاز کیا گیا۔ حکام کے مطابق سرنگ کی چوڑائی تقریباً چار فٹ تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سرنگ مہران ٹاؤن میں واقع ایک کپڑے کے گودام سے بنائی گئی، جہاں سے ریفائنری کی پائپ لائن تک رسائی حاصل کی گئی۔ کارروائی کے دوران تیل چوری میں استعمال ہونے والے کلپس، پائپس اور سرنگ کھودنے کے مختلف اوزار بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos