اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش پر انہیں اصول پسندی، دیانت اور بے مثال جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ قائداعظم کی زندگی قانون کی بالادستی اور حق گوئی کی روشن مثال تھی اور برصغیر کے مسلمانوں کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ کے لیے ان کی جدوجہد تاریخ ساز رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم نے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور آزاد مسلم ریاست کے خواب کو عملی شکل دی، جبکہ ریاست کو قانون، مساوات اور مذہبی آزادی کی بنیادوں پر استوار کرنے کا واضح وژن دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظم نے اقلیتوں کے حقوق پر بھی زور دیا اور ان کے اصول ہمیں ایمانداری، خود احتسابی اور قومی یکجہتی کے راستے پر چلنے کی رہنمائی کرتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر قوم سے کہا کہ قائداعظم کے سنہرے اصولوں یعنی ایمان، اتحاد اور تنظیم کو زندگی کا محور بنایا جائے تاکہ پائیدار ترقی اور خوشحالی حاصل ہو۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن محبت، قربانی، بھائی چارے اور امن کے پیغام کی یاد دہانی ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کے تعلیم، صحت، دفاع اور سماجی خدمات میں کردار کو قابل فخر قرار دیا اور کہا کہ وہ اپنی مذہبی و ثقافتی رسومات مکمل آزادی اور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے مکمل حق رکھتے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos