افواج پاکستان نے بھارت کو معرکہ حق میں عبرتناک شکست دی،7طیارے گرائے،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسی کو مذہب کے نام پر من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور حکومت اقلیتوں کی ترقی، خوشحالی اور حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے افواج پاکستان کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں ہمارے شاہینوں نے بھارت کو عبرتناک شکست دی اور دشمن کے 7 طیارے گرائے، جبکہ 8 ویں کو شدید نقصان پہنچا۔

وزیراعظم ہاؤس میں کرسمس کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں، خاص طور پر مسیحی برادری کا تاریخی اور قابل قدر کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج میں مسیحی افسران اور جوانوں کی خدمات کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ کسی بھی اقلیتی شخص سے ناانصافی یا زیادتی پر قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے اور عبادت گاہوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، جبکہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک ہو رہا ہے۔ بعد ازاں وزیراعظم نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کا کیک کاٹا اور وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور غیر ملکی سفارتکار بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔