مصر میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار آسٹرونومیکل ریسرچ کی سَن ریسرچ لیبارٹری نے ماہِ شعبان،رمضان اور شوال کے چاند کی پیدائش سے متعلق فلکیاتی حسابات جاری کیے ہیں۔تینوں مہینے شروع ہونے کی متوقع تاریخیں بتادی گئی ہیں۔
مشاہدہ کیا گیا ہے کہ اتوار 29 رجب 1447ھ (رویتِ ہلال کے دن) کو غروبِ آفتاب کے وقت نیا چاند پیدا نہیں ہوا ہوگا۔چاند اپنی پرانی حالت میں مکہ مکرمہ میں غروبِ آفتاب سے تقریباً 19 منٹ پہلے اور قاہرہ میں 23 منٹ پہلے غروب ہو جائے گا، مصر کے دیگر صوبوں میں یہ فرق 19 سے 24 منٹ کے درمیان ہوگا۔ دیگر عرب اور اسلامی دارالحکومتوں اور شہروں میں یہ فرق 8 سے 31 منٹ کے درمیان رہے گا، جو تصدیق کرتا ہے کہ29 رجب کی شام چاندنہیں دیکھاجاسکے گا۔اس بنیاد پر پیر 19 جنوری 2026ء ماہِ رجب کا آخری دن ہو گا، اور فلکیاتی طور پر ماہِ شعبان کا آغاز منگل 20 جنوری 2026ء کو ہو گا۔
فلکیاتی مشاہدات بتاتے ہیں کہ ماہِ شعبان 29 دنوںکا ہو گا۔
ماہرین فلکیات نے رمضان 2026ء کی متوقع تاریخ بھی ظاہر کی ہے، جس کے مطابق بدھ 18 فروری 2026ء کو شعبان کا اختتام ہوگا اور پہلاروزہ جمعرات 19 فروری 2026ء کو ہونے کی توقع ہے۔
فلکیاتی اشاروں کے مطابق، رمضان 2026ء میں روزے کے اوقات نسبتاً معتدل ہوں گے کیونکہ یہ سردیوں کے آخر اور بہار کے آغاز میں آئے گا۔ توقع ہے کہ پہلے روزے کا دورانیہ تقریباً 12 گھنٹے 40 منٹ ہوگا، جس میں جغرافیائی فرق کی وجہ سے مختلف شہروں میں تھوڑی تبدیلی ہو سکتی ہے۔ روزے کے اوقات میں بتدریج اضافہ ہو سکتا ہے جو اوسطاً 12 سے 13 گھنٹے روزانہ تک پہنچ جائے گا۔
حسابات کے مطابق، رمضان 30 دن کا ہونے کی توقع ہے اور آخری روزہ جمعرات 19 مارچ 2026ء کو ہوگا، فلکیاتی طور پر عید الفطر جمعہ 20 مارچ 2026ء کو ہوگی۔
ماہرین کا کہناہے کہ یہ حسابات درست فلکیاتی معیارات پر مبنی ہیں، تاہم اس کا حتمی فیصلہ متعلقہ مذہبی اداروں کی جانب سے اعلان کردہ شرعی رویتِ ہلال پر ہی منحصر ہوگا۔ یہ تمام تاریخیں تخمینی ہیں جب تک سرکاری اعلان نہ کر دیا جائے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos