اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان یمن میں امن و استحکام کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور وہاں کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان یمن میں امن کے لیے سعودی عرب کی سفارتی کاوشوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ یہ اقدامات ملک میں دیرپا امن اور استحکام کا باعث بنیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ یمن میں موجودہ پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ نے یمن کے استحکام سے متعلق متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو بھی سراہا اور یمن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے احترام پر زور دیا۔ وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقین ایسے یکطرفہ اقدامات سے گریز کریں جو کشیدگی میں اضافے کا سبب بنیں اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سیاسی عمل کو ترجیح دی جائے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان یمن کے بحران کا پرامن اور متفقہ سیاسی حل چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی اور جنوبی یمن کی عبوری کونسل سے وابستہ مسلح گروہوں کے درمیان کشیدگی جاری ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں جھڑپیں ہوتی رہی ہیں اور متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے یا زخمی ہوئے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos