توشہ خانہ ٹو کیس:عمران خان و بشریٰ بی بی کا فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد: توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنے خلاف سنائے گئے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے اپیلیں تیار کر لی ہیں، جو جلد اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جائیں گی۔

اپیل کے متن کے مطابق عدالت نے برطرف کیے گئے گواہ انعام اللہ شاہ کے بیان پر انحصار کیا، جسے قانونی طور پر بنیاد کے طور پر استعمال کرنا درست نہیں۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ عدالت نے وعدہ معاف گواہ کے بیان پر بھی انحصار کیا جو قانون کے خلاف ہے۔

درخواست گزاروں کے مطابق استغاثہ کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا اور بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے دو علیحدہ اپیلیں پیر کے روز دائر کی جائیں گی، جن میں توشہ خانہ ٹو کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

اپیل میں مزید کہا گیا کہ ایک ہی جرم میں متعدد مرتبہ سزا نہیں دی جا سکتی اور سپیشل سنٹرل عدالت کو اس مقدمے کی سماعت کا اختیار بھی حاصل نہیں تھا۔ ساتھ ہی، صہیب عباسی کو غیر قانونی طور پر سلطانی گواہ بنایا گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بلغاری سیٹ توشہ خانہ قواعد کے مطابق سابق حکمران جوڑے کے پاس رہا، مقدمہ بغیر مکمل تفتیش کے قائم کیا گیا اور سیاسی انتقام کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ اپیل میں یہ بھی کہا گیا کہ درخواست گزار سرکاری ملازم کی تعریف میں نہیں آتا، لہٰذا ان کے خلاف کارروائی قانون کے منافی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔