اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مؤثر خارجہ پالیسی کے ذریعے پاکستان کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورۂ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
میڈیا کو خارجہ پالیسی پر بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ یو اے ای کے صدر کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جو باہمی تعلقات کو نئی جہت دیں گے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے جنگ کے دوران بہترین حکمت عملی اپنائی اور مسلح افواج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی۔ ان کے مطابق پاکستان نے دشمن کے سات طیارے مار گرائے اور آپریشن بنیانِ مرصوص میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، تاہم دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے انتہائی تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نیوکلیئر اور میزائل پروگرام ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بناتا ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ایک مضبوط معاشی قوت بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت نے طیاروں کے نقصان کے بعد مسلسل غلط بیانی سے کام لیا، جبکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos