صوبائی وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی محترم مہمان ہیں اور پنجاب حکومت مہمان نوازی، سیاسی شائستگی اور احترام کی روایت پر قائم ہے، تاہم دورہء لاہورکے دوران،وزیراعلیٰ کے پی کے کی گفتگو اور انداز میں سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ ہونا چاہیے تھا جو افسوس کے ساتھ نظر نہیں آیا۔ڈی جی پی آرلاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران عظمی ٰبخاری نے کہا کہ مہمان نوازی پنجاب کی روایت ہے اور ہم نے خیبر پختونخوا کے وزرا کو اسی وقار کے ساتھ خوش آمدید کہا، تاہم کچھ غیر سنجیدہ گفتگو اور نامناسب زبان پر افسوس ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بدتمیزی، دھکم پیل اور ناشائستہ زبان نے جمہوری ماحول کو داغدار کیا، حکومت نے ہر سطح پر ضبط اور شائستگی کا مظاہرہ کیا۔
پریس کانفرنس میں وزیراطلاعات نے کانوں کوہاتھ لگا کر کی منیر نیازی مرحوم سے معذرت چاہتے ہوئے شعرپڑھا۔
عادت ہی بنا لی ہے تم نے قومِ یوتھ اپنی
جس شہر میں جانا فساد پھیلائے رہنا
واضح رہے کہ منیرنیازی نے یہ شعریوں کہاتھا۔
عادت ہی بنا لی ہے تم نے تو منیر اپنی
جس شہر میں بھی رہنا اکتائے ہوئے رہنا
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جرنلسٹ ہائوسنگ سوسائٹی فیز ٹو کی سکروٹنی کمیٹی اپنا کام مکمل کر رہی ہے، جس کے بعد وزیر اعلی الاٹمنٹ لیٹرز جاری کریں گی۔انہوں نے صحافیوں سے متعلق گزشتہ روز پیش آئے ناخوشگوار واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ میڈیا کی عزت اور تحفظ حکومت کی ترجیح ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos