لاہور: نیو ایئر نائٹ کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے پنجاب پولیس نے جامع سکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور تمام فیلڈ فارمیشنز کو مکمل چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
نیویار نائٹ پر صوبے میں 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات رہیں گے، جن میں لاہور میں 5 ہزار سے زائد اہلکار شامل ہیں۔ تعینات کی جانے والی نفری میں 419 انسپکٹرز، 1267 سب انسپکٹرز، 2189 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 1408 ہیڈ کانسٹیبلز اور 16,977 کانسٹیبلز شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب نے بتایا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی اور قانون شکنی یا ملک دشمن عناصر پر خصوصی نظر رکھی جائے گی۔ نیو ایئر نائٹ کے دوران ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ خواتین اور شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ٹریفک کے مربوط اور مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں، ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کی خدمات میں اضافہ کیا جائے۔ لاہور اور صوبے کے دیگر شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رہیں گے، اور گزشتہ برس ون ویلرز اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان سے پیشگی ضمانتی مچلکے بھی حاصل کیے جائیں گے۔ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو اپنے علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، ون ویلنگ یا ہوائی فائرنگ کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos