پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز، ریلوے تباہ ادارے ہیں، نجکاری شفاف ہونی چاہیے غیر شفاف نجکاری قبول نہیں .
غلام احمد بلور کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ جکاری کے نام پر ملک میں فوج داری اور ملٹریائزیشن کی جا رہی ہے،ریاست پاکستان ازسرنو جائزہ لے کر نجکاری کے عمل کو شفاف بنائے، حکومتی ادارے جس کام کے لیے بنے ہیں وہی کام کریں۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے کہاکہ نجکاری بعض مسائل کا حل ہو سکتی ہے، مگر حکومت کا کام حکمرانی ہے، روزگار اور تجارت نہیں، آئین پاکستان کے مطابق فوج کو کاروبار کرنے، سڑکیں، سیمنٹ فیکٹریاں، کالونیاں اور کمرشل کمپلیکس بنانے کا کوئی حق نہیں۔
انھوں نے کہاکہ فوج پہلے ہی تقریباً 140 کاروبار چلا رہی ہے اور ان میں سے بیشتر پر کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا جا رہا،باچا خان اور ہمارے اکابرین نے 70 سال پہلے درست کہا تھا کہ یہ ملک فوج کے لیے نہیں بلکہ فوج ملک کے لیے ہے۔
ایمل ولی نے کہاکہ بشیر احمد بلور شہید، ہارون بلور شہید اور امن کے لیے قربانی دینے والے تمام شہدا ہماری جدوجہد کا سرمایہ ہیں،بلور خاندان عوامی نیشنل پارٹی کا ماضی، حال اور مستقبل ہے۔
انھوں نے کہاکہ افغان مہاجرین کے نام پر پچاس سال تک ریاستی سطح پر اربوں کھربوں روپے کا کھیل کھیلا گیا،پہلے انہیں مجاہد، پھر طالبان کہا گیا اور اب ذلت کے ساتھ نکالا جا رہا ہے، یہ طریقہ کار سراسر غلط ہے۔
ایمل ولی نے کہاکہ پاکستان میں ہر واقعے کا الزام افغانستان پر ڈال دیا جاتا ہے، سوال یہ ہے کہ دفاع کے نام پر 80 فیصد ڈائریکٹ اور 180 فیصد اِن ڈائریکٹ بجٹ آخر کہاں جا رہا ہے۔
انھوں ے کہاکہ پشتونوں کے لیے عمران خان اور نواز شریف ایک جیسے ہیں، عوامی نیشنل پارٹی کوئی ایسی جماعت نہیں جو کسی ڈرائنگ روم میں بنائی گئی ہو۔
ایمل ولی نے مزید کہاکہ پشتونوں کی ترقی، امن، تعلیم، روزگار اور حقوق کا واحد ضامن عوامی نیشنل پارٹی ہے، عوام ساتھ دیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos