پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ننکانہ صاحب میں شاہ کوٹ روڈ کے قریب حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث بس نے رکشہ کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شاہ کوٹ منتقل کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 14 سالہ سجاد، 20 سالہ وقاص اور 20 سالہ شکیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب اوکاڑہ میں بھی شدید دھند کے باعث مسافر بس اور کاروں کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 2 خواتین اور 10 مرد شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو اور پولیس حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos