پشاور:پولیس مقابلے میں ٹارگٹ کلرز گینگ کے 5 کارندے ہلاک

پشاور میں پولیس مقابلے کے دوران انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز گینگ کے 5 کارندے، جن میں گینگ کا سرغنہ بھی شامل تھا، ہلاک ہو گئے۔

سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق ہلاک ملزمان پہلے بھی 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کر چکے تھے اور گینگ پولیس پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ گینگ کے سرغنہ نجمل الحسن نے ویڈیو بیان میں پولیس کانسٹیبل کو شہید کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔

سی سی پی او نے بتایا کہ ٹارگٹ کلرز گینگ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ اور درہ آدم خیل میں 30 وارداتوں میں ملوث تھا۔ ہلاک ملزمان نے پشاور میں 12 اور نوشہرہ میں 17 افراد کے قتل میں حصہ لیا، جبکہ چارسدہ اور درہ آدم خیل میں ایک، ایک شخص کو قتل کیا۔

میاں سعید نے مزید بتایا کہ گینگ نے اے این پی رہنما مومن خان اور ان کے بھائی کو بھی نشانہ بنایا، اور ایک خواجہ سرا کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا۔ پولیس مقابلے کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو گئی ہے اور مزید کارروائیوں کے لیے ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔