محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ مری اور ریسکیو 1122 نے خراب موسم کے خدشے پر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 29 دسمبر 2025 سے 2 جنوری 2026 کے دوران مری، گلیات اور گردونواح میں بارش، برفباری، ژالہ باری اور آندھی کے جھکڑ چلنے کا قوی امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو 1122 مری کے مطابق ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ریسکیو اسٹیشنز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ تمام ایمبولینسز، ریسکیو وہیکلز، فائر وہیکلز اور موٹر بائیکس ہمراہ تربیت یافتہ ریسکیو اہلکار 24 گھنٹے فیلڈ میں متحرک رہیں گی تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔ریسکیو 1122 کا کنٹرول روم 24/7 فعال رہے گا ، خطرناک مقامات، اہم شاہراہوں اور سیاحتی علاقوں میں خصوصی ریسکیو ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ کنٹرول روم کو ضلعی انتظامیہ، ضلعی سنٹرل کنٹرول روم اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور مکمل کوآرڈینیشن میں رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ہائی وے مشینری اور روڈ کلیئرنس ٹیموں کے ساتھ بھی ہمہ وقت رابطہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ سڑکوں کو بروقت کلیئر کیا جا سکے۔
ریسکیو 1122 نے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر خراب موسم میں رات کے اوقات میں سفر سے اجتناب کیا جائے۔ سفر سے قبل موسم کی صورتحال اور ٹریفک اپ ڈیٹس حاصل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ گاڑیوں میں ہیٹر کے استعمال میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسلسل ہیٹر کا استعمال دم گھٹنے کا سبب بن سکتا ہے۔
ہدایات میںمزید کہا گیا ہے کہ شہری اور سیاح گرم ملبوسات، دستانے، پانی اور خشک میوہ جات اپنے پاس رکھیں، گاڑیوں کے ٹائروں میں چین کا استعمال یقینی بنائیں، فیول ٹینک فل اور بیٹری مکمل چارج رکھیں۔ سیاح حضرات کو تاکید کی گئی ہے کہ مری آنے سے قبل اپنی گاڑیوں کی مکمل فٹنس کو یقینی بنائیں۔ریسکیو 1122 نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کیا جائے۔ ریسکیو 1122 مری شہریوں اور سیاحوں کے تحفظ اور فوری امداد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos