سوات: وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم لیپ ٹاپ اسکیم نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا ایک تاریخی اور وژنری منصوبہ ہے جو مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر جاری ہے، خواتین کی تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، سوات یونیورسٹی کا جدید ویمن کیمپس طالبات کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف سوات میں وزیرِاعظم لیپ ٹاپ اسکیم کی تقسیم کی تقریب اور سوات یونیورسٹی ویمن کے نئے کیمپس کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
واضع رہے یونیورسٹی آف سوات کے نو تعمیر شدہ ویمن کیمپس جس پر 13 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ یہ جدید تعلیمی سہولت خاص طور پر خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور خطے میں تعلیمی انفراسٹرکچر کی بہتری میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ خواتین کی تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور یہ جدید ویمن کیمپس طالبات کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل میاں محمد نواز شریف کے تعلیمی وژن کا عملی ثبوت ہے جس کا مقصد ملک بھر میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ محض ایک آلہ نہیں بلکہ ایک وژن ہے جو نوجوان نسل کو جدید تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی سے جوڑتا ہے، انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا حکومت بھی ایسے ترقیاتی اور تعلیمی منصوبوں میں مقابلے کی فضا پیدا کرے۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات ڈاکٹر حسن شیر نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
تقریب میں یونیورسٹی کے اساتذہ، عملہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ شرکاء نے وفاقی وزیر کو خوش آمدید کہا اور نوجوانوں میں تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos