مری میں نیو ایئر پر دفعہ 144 نافذ،مال روڈ پر صرف فیملیز کو اجازت

مری/راولپنڈی:نیو ایئر کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مری میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈی پی او مری کے مطابق دفعہ 144 کا اطلاق آج رات  31 دسمبر سے یکم جنوری تک رہے گا۔ اس دوران مال روڈ اور جی پی او چوک میں صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت ہو گی جبکہ بغیر فیملی افراد کو مال روڈ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بغیر فیملی افراد نیو ایئر کی تقریبات قریبی علاقوں، گلیات اور دیگر مقامات پر منا سکیں گے۔

ڈی پی او نے کہا ہے کہ نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ، آتشبازی، شراب نوشی اور ہلڑبازی پر مکمل پابندی ہو گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سیاحوں کو ٹریفک قوانین اور پولیس ہدایات پر مکمل عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔

ادھر ضلعی انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی میں بھی دفعہ 144 کا نفاذ یکم جنوری تک جاری رہے گا۔ اس دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی جبکہ جلسے جلوسوں اور ہر قسم کے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد ہو گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نیو ایئر نائٹ پر ہوائی فائرنگ، آتشبازی، میوزک اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی، جبکہ ہلڑبازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں تاکہ نیو ایئر خوشگوار اور پرامن ماحول میں منایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔