فائل فوٹو
تصویر سوشل میڈیا

کراچی میں سرماکی پہلی بارش۔ کوئٹہ اورخیبرپختونخوا پربھی بادل برسنے کی اطلاعات

رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا۔ شہر کے جنوبی علاقوں اولڈ سٹی ایریا، لیاری، کیماڑی اور ماری پور میں بوندا باندی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، سلطان آباد، ضیاء الدین احمد روڈ، سول لائنز میں بادل برس پڑے۔ شاہراہ فیصل، طارق روڈ، صدر، سولجر بازار، جمشیدروڈ اور اطراف کے علاقوں میں بھی ابر کرم برسا۔سائٹ ایریا، میٹروول، اورنگی ٹاؤن میں بھی کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔

شہرقائد کے علاقوں گارڈن، شو مارکیٹ اور اولڈ سٹی ایریا میں موسلا دھار،ملیر ایئرپورٹ اور ماڈل کالونی میں وقفے وقفے سے تیز بارش ہوئی۔شہرکے سوشل میڈیا اکائونٹس پر بتایا گیا کہ سعودآباد، نیو کراچی اور ناظم آباد میںلگ بھگ 2 گھنٹے سے مسلسل بارش جاری تھی۔ بارش کے باعث درجۂ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رات سے صبح کے درمیان شہر کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش کا امکان موجود ہے، جس کے نتیجے میں سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہر میں جمعرات کو دن کے دوران بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ وقفے وقفے سے بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔

کوئٹہ اورگردونواح میں بارش ہوئی جس کے باعث 40 سے زائدفیڈرز بند کردیے گئے۔ کوئٹہ کی سمنگلی روڈ، اسپنی روڈ بروری، مغربی بائی پاس اندھیر ے میں ڈوب گیا۔ لسبیلہ اور وندر میں بھی بارش ہوئی۔ادھر پشاور، بنوں، کرک میں بھی باران رحمت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔