قصور میں ایل پی جی بھرتے وقت خوفناک آتشزدگی،3 افراد شدید جھلس گئے

قصور کے علاقے الہ آباد چونیاں روڈ پر ایل پی جی گیس بھرتے دوران ایک گاڑی میں اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں تین افراد بری طرح جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ اتنی تیز تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے گاڑی شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی اور مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں گاڑی کا ڈرائیور غلام رسول، گیس دکان کا مالک رانا عثمان اور گیس بھرنے والا مزدور ارسلان جھلس کر زخمی ہوئے۔

زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث انہیں فوری طور پر لاہور کے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا کر مزید نقصان سے بچا لیا۔

آتشزدگی کے باعث گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ گیس لیکج یا حفاظتی اقدامات میں غفلت قرار دی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔