فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

وزیراعظم شہباز شریف کا شہزادہ محمد بن سلمان کو فون، مکمل یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آج شام مملکتِ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ گفتگو نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی، جس میں وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا اظہار کیا، جبکہ ولی عہد کے لیے بھی خیرسگالی کے جذبات پیش کیے۔

وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے لیے سعودی قیادت کی مسلسل حمایت، محبت اور خصوصی توجہ پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال اور حالیہ علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے موجودہ چیلنجز کے تناظر میں امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری ناگزیر ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم کی کال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی سعودی خواہش کا اعادہ کیا اور آئندہ برس پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔

دوسری جانب یمن میں تشدد میں اضافے پر پاکستان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایسے کسی بھی اقدام کی مخالفت کرتا ہے جو صورتحال کو مزید بگاڑے، امن کی کوششوں کو نقصان پہنچائے اور یمن سمیت پورے خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالے۔

بیان میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور مملکت کی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یمن تنازع کا حل صرف مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ پاکستان نے امید ظاہر کی کہ تمام فریقین مل کر ایک جامع اور پائیدار حل کی جانب بڑھیں گے، جو خطے میں امن و استحکام کا باعث بنے گا۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔