صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نئے سال کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغامات میں دعا کی ہے کہ نئے سال کا ہر دن ملکی سالمیت، قومی ہم آہنگی اور استحکام کی نوید لے کر آئے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ضرور ہے، تاہم قوم بے بس نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحاد، استقامت اور تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے تمام مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اگر یکجہتی کا مظاہرہ کرے تو ملک کو درپیش مسائل پر قابو پانا ممکن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سال نو کے موقع پر تمام اہل وطن کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 2025 دفاع وطن کے حوالے سے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے معرکۂ حق میں تاریخ رقم کی اور پاکستان کے شاہینوں نے ملکی فضائی حدود کا ناقابلِ تسخیر دفاع کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کے لیے ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں مادرِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ملک کی معاشی خوشحالی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور حالیہ معاشی اشاریوں میں بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک درست اور مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا سال پاکستان کے لیے ترقی، امن اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos