جاوید اختر اوڈھو سندھ کے نئے انسپکٹر جنرل پولیس تعینات

اسلام آباد/کراچی: جاوید اختر اوڈھو کو سندھ پولیس کا نیا انسپکٹر جنرل تعینات کر دیا گیا ہے اور ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر اللّٰہ بخش عرف جاوید اختر اوڈھو سندھ پولیس کے اعلیٰ عہدے پر تعینات ہوئے ہیں۔

جاوید اوڈھو نے تصدیق کی کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے غلام نبی میمن کے چارج چھوڑنے کے بعد قائم مقام آئی جی کے طور پر خدمات انجام دی تھیں اور یکم جنوری کو باقاعدہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

جاوید اختر اوڈھو نے 11 جولائی 1998 کو سندھ پولیس میں شمولیت اختیار کی۔ ان کی ابتدائی پوسٹنگ ڈویژنل پولیس افسر لاڑکانہ کے طور پر ہوئی اور وہ بعد میں ڈی پی او گھوٹکی، بدین، دادو اور جامشورو میں تعینات رہے۔ انہوں نے ایس پی اسپیشل برانچ کے بعد ٹھٹھہ، مٹیاری اور حیدرآباد میں خدمات انجام دیں اور ڈی آئی جی ویسٹ کراچی، سپیشل برانچ سکھر، آر آر ایف، ڈی آئی جی لاڑکانہ، کراچی ایڈمن، میرپورخاص اور ڈی آئی جی فنانس کے طور پر بھی کام کیا۔

جاوید اوڈھو نے سال 2019 میں بلوچستان میں بھی خدمات انجام دیں۔ وہ ایڈیشنل آئی جی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، اسپیشل برانچ اور انویسٹی گیشن سندھ میں بھی رہے۔ انہوں نے 2022 میں کراچی پولیس چیف کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، تاہم ضمنی انتخابات کے بعد ان کا تبادلہ کیا گیا۔ جولائی 2024 سے اب تک وہ ایڈیشنل کراچی کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

اس سے قبل سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سبکدوش ہونے والے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔