برف باری کے دوران بڑی تعدادمیں سیاحوں کی مر ی آمد

ملکہ کوہسارمیں پہلی برف باری نے قدرت کے حسین نظارے بکھیر دیے۔ برف کے سفید گالے جب چوٹیوں پر گرے تو وادیاں دلکش مناظرپیش کرنے لگیں۔ سرد ہوا، برف سے ڈھکے پہاڑ اور قدرتی حسن نے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کر لیا، جس کے باعث ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد نے سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملکہ کوہسارمیں 4 انچ برفباری اور 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

لوئر ٹوپہ کے مقام پر پھنسی ہوئی ایک گاڑی میں 9 لوگ موجود تھے جن کے پاس نہ جیکٹ اور نہ گرم ملبوسات تھے، انہیں صبح 4 بجے مری پولیس نے ریسکیوکرکے محفوظ مقام پر پہنچایا۔

ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں متحرک رہی۔ بارش اور برفباری کے بعد انتظامیہ کی جانب سے مختلف شاہراہوں پر نمک کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ کنٹرول روم اور تمام فیسیلیٹیشن سنٹرز فعال ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش اور برفباری کے امکان پیش نظر پیشگی اقدامات کیے گئےتھے۔ تمام شاہراہوں پر اہلکار برف ہٹانے کے لیے موجود ہیں، نمک کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا۔ سیاح اور مقامی افراد انتظامیہ کی جانب سے ایڈوائزری پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سہولت مراکز سیاحوں کی مدد اور رہنمائی کے لیے فعال ہیں۔ سیاحوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ محفوظ سیاحت کے فروغ کے لیے سیاح انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔