پاکستان نے بنگلادیشی ایئرلائن کو براہ راست پروازوں کی اجازت دے دی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن نے ڈھاکا اور کراچی کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت دے دی، حکومت کی منظوری کے فوری بعد ڈی جی سی اے اے نے براہ راست پروازوں کی اجازت دی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر بیمان بنگلادیش کو تین ماہ کے لیے 30 مارچ 2026 تک منظور شدہ روٹ کے ذریعے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کی اجازت ہوگی، بیمان بنگلادیش ایئر کو پاکستان ایئر اسپیس کے اندر طے شدہ روٹس پر عمل کرنا ہوگا۔
بیمان ایئرلائن کو کراچی ایئرپورٹ پر سلاٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے، فلائٹ کی معلومات کراچی ایئرپورٹ انتظامیہ کو فراہم کرنا ہوگی۔سی اے اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان اور بنگلادیش کے ایوی ایشن شعبہ کو فروغ ملے گا۔ پاکستان اور بنگلا دیش کے عوام اور حکومتی رابطوں میں اس فضائی رابطے کی براہ راست بحالی سے دونون ملکوں کو فائدہ ہوگا۔
گذشتہ دنوں ڈھاکہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا تھا کہ جنوری سے دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست پروازیں شروع ہو سکتی ہیں۔ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈھاکا اور کراچی کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز جنوری میں متوقع ہے، جو نہ صرف مسافروں کے لیے سہولت فراہم کرے گا بلکہ تجارتی اور ثقافتی روابط میں بھی نمایاں اضافہ کرے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos