اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا مختصر اجلاس ہوا جس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 دسمبر اور 30 دسمبر کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نئی قانون سازی پر غور کیا گیا جس میں چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے وفاقی کابینہ کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی، وفاقی کابینہ نے بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی کرنے کی منظوری دیدی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کابینہ نے اسلام آباد میں پنجاب طرز کے بلدیاتی انتخابات کی قانون سازی کی بھی منظوری دی ہے، الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کیلئے 15 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ 16 فروری سے 19 فروری تک نتائج مرتب کیے جانے تھے۔
اجلاس میں کابینہ ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اراکین کو نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری انتہائی کامیابی سے طے پائی اور بڈنگ کا عمل انتہائی شفاف رہا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos