ورجینیا: سابق ایئر مارشل (ر) نور خان کی صاحبزادی اور معروف طبی ماہر پروفیسر ڈاکٹر فائقہ قریشی (faiqa qureshi)امریکی میں پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ امریکی ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی ڈینوڈی میں ویک اینڈ پر پیش آیا۔
ورجینیا پولیس کے مطابق ڈاکٹر فائقہ نور خان کی گاڑی سڑک سے ٹکرا گئی جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ان کی اچانک وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد طبی حلقوں، پاکستانی کمیونٹی اور اہلِ خانہ میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم ہے۔
خاندانی ذرائع اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی معلومات کے مطابق ڈاکٹر فائقہ قریشی کی گاڑی کو حادثہ اچانک پیش آیا، تاہم واقعے کی مکمل تفصیلات تاحال امریکی حکام کی جانب سے باضابطہ طور پر جاری نہیں کی جا سکیں۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ حادثے کی نوعیت اور اسباب سے متعلق مزید معلومات کے منتظر ہیں۔ڈاکٹر فائقہ قریشی پیڈیاٹرک ایمرجنسی میڈیسن کے شعبے میں ایک ممتاز نام تھیں۔ وہ نہ صرف ایک تجربہ کار اور ماہر ڈاکٹر تھیں بلکہ بطور استاد بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مریضوں سے ہمدردانہ رویے اور تدریسی خدمات کے باعث بے حد مقبول تھیں۔ ان کے شاگرد اور ساتھی انہیں ایک مخلص، نرم خو اور انسان دوست طبی ماہر کے طور پر یاد کر رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos