پنجاب کے مختلف شہروں اور شاہراہوں پر شدید دھند کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں، جبکہ حدِ نگاہ کم ہونے کے سبب موٹرویز کے متعدد حصے ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن، ایم تھری درخانہ سے فیض پور، ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں اور ایم الیون لاہور مین ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ملتان سکھر موٹروے ایم فائیو پر بھی ٹریفک معطل کر دی گئی ہے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ تین روز کے دوران جنوبی اور وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے امکانات کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں اور ساہیوال سمیت متعدد شہروں میں دھند کی شدت بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ کے علاقوں خصوصاً سکھر اور اس کے گردونواح میں بھی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رات اور علی الصبح دھند پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos