عمران خان کو جیل میں دو اخبارات اور ایل ای ڈی کی سہولت حاصل ہے،انجینئر محمد علی مرزا

مذہبی اسکالر انجینئر محمد علی مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کو دورانِ قید بیرونی دنیا کی خبروں تک رسائی حاصل ہے، تاہم انہیں کسی قسم کی غیر معمولی یا شاہانہ سہولیات میسر نہیں۔

اڈیالہ جیل میں قید رہنے والے انجینئر محمد علی مرزا نے ایک انٹرویو میں جیل کے اندر کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عمران خان دو برس سے جیل میں ہیں اور ایسے حالات میں کسی بھی فرد کا ذہنی دباؤ یا فرسٹریشن محسوس کرنا غیر فطری نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جیل میں دو اخبارات فراہم کیے جاتے ہیں اور ان کے کمرے میں ایل ای ڈی اسکرین بھی موجود ہے، جس کے ذریعے وہ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہتے ہیں۔

انجینئر محمد علی مرزا کے مطابق عمران خان کو رہائش کے لیے چھ چکیاں الاٹ کی گئی تھیں، جن میں سے پانچ ان کے ذاتی استعمال میں تھیں جبکہ ایک میں ان کا مشقتی رہتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان روزانہ دو مرتبہ، صبح تقریباً 9 بجے ناشتہ اور دوپہر 3 بجے کھانے کے لیے اپنی چکی سے باہر آتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے مشقتی کی جانب سے دیسی گھی میں کھانا تیار کیا جاتا تھا، جس کی خوشبو اطراف میں محسوس کی جا سکتی تھی۔ انجینئر محمد علی مرزا کے مطابق جب عمران خان غصے میں ہوتے تو بلند آواز میں مسلسل گفتگو کرتے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔