صدر بیرونی کے علاقہ میں انتہائی خطرناک بین الاضلاعی ڈکیت و اجرتی قاتل گینگ نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی،اس وران کچھ دیر قبل شہری سے گاڑی چھین کر فرار ہونے والے گینگ کے 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے اور2 فرارہونے میں کامیاب رہے، کچھ دیر قبل شہری سے گن پوائنٹ پر چھینی گئی گاڑی و اسلحہ برآمدہوا۔ڈکیت گینگ کے زیر استعمال گاڑی بھی اسلام آباد سے گن پوائنٹ پر چھینی گئی تھی۔
بین الاضلاعی ڈکیت و اجرتی قاتل گینگ نے چند روز قبل فائرنگ کر کے صدر بیرونی کے علاقہ میں فیملی کے ساتھ جاتے تاجر کو بھی قتل کر دیا تھا۔ ہلاک ڈاکو و اجرتی قاتل راولپنڈی، پشاور اور اسلام آباد میں قتل، ڈکیتی اور کار سنیچنگ کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ، ملوث و مطلوب تھے۔
صدر بیرونی پولیس نے کار سنیچنگ کی اطلاع پر مشکوک گاڑیوں کو روکا تو خطرناک ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، فرار ڈاکؤوں کی گرفتاری کے لئے سرچنگ کی جارہی ہے۔
خطرناک ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے بین الاضلاعی ڈکیت و اجرتی قاتل گینگ سے دو چھینی گئی گاڑیاں برآمد کرنے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی صدر، اے ایس پی صدر، ایس ایچ او صدر بیرونی اور ٹیم کوسراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos