تصویر: آئی ایس پی آر

گلگت میں سڑک سے برف ہٹانے کے دوران تودہ گرنے سے آپریشن کمانڈر سمیت 3شہید

گلگت بلتستان میں برف کا تودہ گرنے سے کیپٹن اور سپاہی سمیت 3 افراد شہید ہوگئے۔پاک فوج نے گلگت بلتستان میں برفباری سے بند ہونے والے برزل پاس کو ٹریفک کیلئے کھول دیا ، آپریشن کی قیادت کرنے والے کیپٹن اصمد ، ایک فوجی جوان اور مشین آپریٹر جام شہادت نوش کر گئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 2اور 3جنوری کی درمیانی شب برزل پاس کو کھولنے کیلئے بھاری مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کی کارروائی کی گئی تاکہ علاقے میں مسلح افواج کی آپریشنل نقل و حرکت کو ممکن بنایا جا سکے ، اچانک برفانی تودہ گرنے سے آپریشن کی قیادت کرنے والے کیپٹن اصمد ، دو جوانوں اور پی ڈبلیو ڈی کا ایک مشین آپریٹر برف تلے دب گئے ۔ شدید کوششوں کے بعد چاروں افراد کو برف سے نکال لیا گیا ، تاہم کیپٹن اصمد ، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسی ٰجامِ شہادت نوش کر گئے ۔

 

محمدعیسیٰ شہید ،مشین آپریٹر پی ڈبلیو ڈی

عسکری ترجمان کا کہنا ہے کہ 28سالہ کیپٹن اصمد اور ان کے 2 ساتھیوں نے انتہائی خراب موسمی حالات میں نہایت مشکل آپریشن کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ ان کی قربانی اس امر کی گواہی ہے کہ افواج پاکستان کے افسر اور جوان مادرِ وطن کے دفاع کے لئے پرعزم ہیں ۔

سپاہی رضوان شہید

وزیراعظم شہباز شریف نے کیپٹن اصمد، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسی کو خراج عقیدت پیش کیاہے ۔ وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی درجات کیلئے دعا کی اور شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ان کا کہناتھا کہ شہدا نے جان کی پروانہ کرتے ہوئے برزل پاس کھولنے کا کام جاری رکھا، آمدورفت یقینی بنانے میں کردار ادا کرنے پر قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔

شعبہ تعلقا ت عامہ پاک فوج کے مطابق کیپٹن اصمد گلفام کا تعلق لاہورسے ہے۔32سالہ سپاہی رضوان اٹک ،اورآپریٹرمحمد عیسیٰ استورکے رہنے والے ہیں۔وہ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ میں کام کرتے ہیں۔