وینزویلا کے مغوی صدر اور اہلیہ امریکہ پہنچ گئے۔ مین ہٹن کے حراستی مرکزمنتقل

وینزویلا کے مغوی صدر اور ان کی اہلیہ کو امریکہ پہنچادیاگیا ۔امریکی نشریاتی ادارے نے ایک وفاقی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو لے جانے والا طیارہ نیویارک کے سٹیورٹ ایئر نیشنل گارڈ بیس پر پہنچا۔ اہلکار کے مطابق، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نیویارک میں سٹیورٹ ایئر نیشنل گارڈ بیس پر طیارے سے اترے۔
مین ہٹن کے ایک ہیلی پورٹ پر مقامی پولیس اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب وینزویلا کے صدر نکولس مادورو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچے۔ہیلی کاپٹروں کو ہیلی پورٹ پر اترتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد ایک ذریعہ نے تصدیق کی کہ مادورو کو روانہ کردیاگیا، ساتھ ہی سیاہ ایس یو وی، پولیس کی گاڑیوں اور سفید وینوں کا ایک قافلہ علاقے سے باہر نکل گیا۔

مزید پڑھیں: وینزویلامیں 2گھنٹے 20 منٹ۔ امریکی ڈیلٹافورس کے کمانڈو ایکشن کی تفصیلات

سی این این سے وابستہ ڈبلیو سی بی ایس کی فوٹیج کے مطابق، گرفتار وینزویلا کے رہنما کو سرمئی لباس پہنے ہوئے، ہتھکڑیوں میں دیکھا گیا، سیاہ لباس پہنے ہوئے ایک درجن سے زیادہ وفاقی ایجنٹ انہیں نامعلوم مقام پر لے گئے۔برطانوی میڈیا نے امریکی ذرئع ابلاغ کے حوالے سے بتایا تھاکہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے مین ہٹن کے ویسٹ سائیڈ ہیلی پورٹ پر لے جائے جانے کے بعد انہیں امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے ہیڈ کوارٹرز لے جایا جائے گا۔وہاں سے،انہیں بروکلین میں میٹروپولیٹن حراستی مرکز لے جایا جائے گا، جہاں مادوروکو اگلے ہفتے مین ہٹن کی وفاقی عدالت میں منشیات اور ہتھیاروں کے الزامات کا سامنا کرنے سے قبل رکھا جائے گا۔

گذشتہ روزامریکی فوج نے ایک بڑے حملے میں وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کو اغواکرلیا تھا جس کے بعد انہیں امریکہ روانہ کردیاگیا۔ امریکی حکام کے مطابق انہیں منشیات پھیلانے پرمقدمے کا سامنا کرناپڑے گا۔

ان کی باضابطہ گرفتاری پیر کومتوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔