پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے زمونگ کور سے بچوں کے نکالے جانے کے معاملے پر فوری انکوائری کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے یتیم اور بے سہارا بچوں کیلئے قائم ’’زمونگ کور‘‘ ماڈل انسٹیٹیوٹ کا گزشتہ رات اچانک دورہ کیا اور زمونگ کور میں مقیم بچوں اور انتظامیہ سے ملاقات کی، مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کیے۔
سہیل آفریدی نے زمونگ کور سے 11 بچوں کے نکالے جانے کے معاملے پر فوری انکوائری کا حکم دے دیا۔
انہوں نے زمونگ کور میں مقیم بچوں کو فراہم کی جانے والی ہائیجین کٹس کی تقسیم سے متعلق بھی انکوائری کی ہدایت کر دی، زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ کے کلاس رومز میں کیمروں کی تنصیب اور درکار اساتذہ کی فوری فراہمی کا بھی حکم دیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ بچوں کیلئے کمپلینٹ سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، زمونگ کور کے نجی کالجز میں زیر تعلیم بچوں کی فیس حکومت ادا کرے گی، انہوں نے ایٹا میرٹ سکالرشپس میں زمونگ کور کے بچوں کیلئے خصوصی کوٹہ مختص کرنے کی بھی ہدایت کی اور زمونگ کور کا اکاؤنٹس سسٹم اور بچوں کو وظیفے کی ادائیگی کے نظام کو ڈیجیٹل کرنے کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کالجز و سپورٹس اکیڈمیز جانے والے بچوں کیلئے ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی کا بھی حکم دیا ہے۔
سہیل آفریدی نے زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا، کھانے کے معیار کا جائزہ لیا، انہوں نے زمونگ کور کے گرلز کیمپس کا بھی دورہ کیا، جہاں گزشتہ دورے کے موقع پر جاری کئے گئے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos