چالان کےنظام کو شفاف بنانے کیلئے8ہزار باڈی کیمروں کی خریداری کا فیصلہ

ٹریفک وارڈنز کے رویے کی مؤثر نگرانی اور چالان کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے 8 ہزار باڈی کیمروں کی خریداری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک وارڈنز کو جدید باڈی کیمرے فراہم کیے جائیں گے تاکہ ہر چالان کے ساتھ ویڈیو ثبوت محفوظ کیا جا سکے۔ ان کیمروں میں نائٹ ویژن کی سہولت بھی موجود ہوگی تاکہ رات کی شفٹ میں بھی ریکارڈنگ ممکن ہو سکے۔

ابتدائی مرحلے میں 3 ہزار باڈی کیمروں کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے جبکہ باقی ماندہ کیمرے رواں مالی سال کے دوران حاصل کیے جائیں گے۔

ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق ہر چالان کی ویڈیو کیو آر کوڈ کے ذریعے متعلقہ شہری کے موبائل نمبر پر فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کیمروں کے ذریعے نہ صرف وارڈنز بلکہ شہریوں کے رویے کی بھی مانیٹرنگ کی جا سکے گی، جبکہ ان باڈی کیمروں میں آڈیو ریکارڈنگ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق تمام کیمرے ضلعی اور مرکزی کنٹرول رومز سے منسلک ہوں گے، جس سے چالاننگ کے عمل میں شفافیت آئے گی اور ٹریفک وارڈنز کے طرزِ عمل پر مؤثر نظر رکھی جا سکے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔