فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

نومسلم بھارتی خاتون نورحسین کو آج پاکستان سے ڈی پورٹ کیے جانے کا امکان

پاکستان میں مقیم نومسلم بھارتی خاتون نور حسین (سابقہ نام سربجیت کور) کو آج واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت واپس بھیجے جانے کا امکان ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 48 سالہ سربجیت کور 4 نومبر 2025 کو بابا گورو نانک کے جنم دن کے موقع پر پاکستان آنے والے بھارتی یاتریوں کے ساتھ پاکستان پہنچی تھیں۔ قیام کے دوران، 5 نومبر کو انہوں نے اسلام قبول کیا اور مقامی شہری ناصر حسین سے نکاح کر لیا، جس کے بعد ان کا نام نور حسین رکھا گیا۔

ان کے لاپتہ ہونے کا انکشاف 13 نومبر کو ہوا، جب بھارتی یاتری واپس اپنے ملک پہنچے۔ بھارتی خاتون کے ویزے کی معیاد 14 نومبر 2025 کو ختم ہو چکی ہے، جس کی بنیاد پر امیگریشن قوانین کے تحت ان کی ڈی پورٹیشن کا عمل شروع کیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق سربراہ سردار مہیندر پال سنگھ کی جانب سے ڈی پورٹیشن کی درخواست دائر کی گئی تھی، تاہم عدالتی حکم سے قبل ہی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، سربجیت کور اور ان کے شوہر ناصر حسین کو دو روز قبل ننکانہ صاحب کے علاقے سے حراست میں لیا گیا۔ پولیس اور انٹیلی جنس حکام نے گاؤں پہرے میں کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو گرفتار کیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد بھارتی خاتون کو آج واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت کے حوالے کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔