تصویر: وزارت مذہبی امور پاکستان

پاکستان میں ونٹر کِٹس فراہمی کے بڑے سعودی منصوبے کا آغاز

کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹرنے کمزور اور متاثرہ آبادی کی مدد کے لیے اپنی سالانہ انسانی ہمدردی کی کاوشوں کے تحت پاکستان میں 22 ہزارونٹر کِٹس کی تقسیم کے ایک بڑے منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت کے ایس ریلیف پاکستان کے 26سرد ترین اور برف باری سے متاثرہ اضلاع میں 22,000ونٹر کِٹس فراہم کرے گا۔ یہ تقسیم شدید موسمی حالات سے متاثرہ علاقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے گی، جن میں خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، نیز پنجاب اور سندھ کے وہ منتخب علاقے شامل ہیں جہاں درجہ حرارت انتہائی کم رہتا ہے۔

ہر ونٹر کٹ میں 2 عدد رضائیاں مردانہ زنانہ گرم شالیں اور بچوں و بڑوں کے لیے گرم ملبوسات شامل ہیں ۔منصوبے کی شفافیت اور موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے یہ منصوبہ اہم شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون میں انجام دیا جائے گا، جن میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ، محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، مقامی انتطامیہ اور حیات فانڈیشن شامل ہیں۔

منتخب علاقوں میں 1لاکھ54ہزارسے زائد افراد کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے، جو پاکستان بھر میں ضرورت مندوں کی مشکلات کو کم کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔