وزیراعظم شہباز شریف نے کسانوں کی خوشحالی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے زرعی شعبے کی ترقی اور ملکی زرعی برآمدات میں اضافے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
زرعی برآمدات کے فروغ اور زرعی شعبے کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تشکیل کردہ نجی شعبے کے ماہرین پر مبنی ورکنگ گروپ کا اجلاس وزیراعظم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں اصلاحات لانا اور کسانوں کو جدید عالمی طریقہ کار سے متعارف کروانا موجودہ حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ وفاقی حکومت اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے زرعی شعبے میں مؤثر اصلاحات کر رہی ہے اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر زراعت کی ترقی کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی، مناسب قیمت پر بروقت کھاد کی دستیابی اور فصلوں میں بیماریوں کی روک تھام کے لیے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زرعی اجناس کی پراسیسنگ کے ذریعے برآمدات کے قابل مصنوعات کی تیاری کے لیے پالیسی سطح پر خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ حال ہی میں سرکاری خرچ پر ایک ہزار پاکستانی طلبہ و طالبات کو زراعت کی جدید ٹیکنالوجی کی تربیت کے لیے چین بھیجا گیا ہے تاکہ وہ جدید مہارتیں حاصل کر کے ملک میں زرعی شعبے کو مزید بہتر بنا سکیں۔
اجلاس کے دوران ورکنگ گروپ کے چیئرمین اور ان کی ٹیم نے ملکی زرعی شعبے پر جامع رپورٹ پیش کی، جس میں شعبے کو درپیش مسائل اور آئندہ کے قابلِ عمل روڈ میپ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکا کو قلیل مدتی اصلاحاتی فریم ورک کے تحت فی ایکڑ اوسط پیداوار میں اضافے، زرعی اجناس کی سرٹیفکیشن، تحقیقاتی اداروں کی اصلاحات اور نئی منافع بخش فصلوں کی کاشت کے فروغ سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے ماہی گیری، پھلوں اور ان سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات میں اضافے، ساحلی پٹی پر پام آئل کی پیداوار کے لیے پالیسی اقدامات مرتب کرنے اور آئندہ پانچ برسوں میں زرعی برآمدات بڑھانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، وزیرِ مملکت، معاونینِ خصوصی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ورکنگ گروپ کی جانب سے پیش کی گئی مفصل بریفونگ کو سراہتے ہوئے مؤثر، قابلِ عمل اور جامع سفارشات پر مبنی روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos