ملک میں موسم کی خرابی اور دھند کے باعث کراچی ایئر پورٹ سے جانے والی ملکی و غیرملکی 12 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔
ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 300 تقریباً آدھا گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔ اسی طرح نجی ایئر لائن کی کراچی سے پشاور کی پرواز دو بج کر 45 منٹ پر شیڈول ہے، تاہم روانگی کے اوقات میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سیالکوٹ ایئر پورٹ پر شدید دھند کے باعث دبئی اور مسقط سے آنے والی پروازیں دو گھنٹے تاخیر سے دوپہر ایک بجے لینڈ ہو سکیں۔ ملتان ایئر پورٹ سے جانے اور آنے والی کئی ملکی و غیرملکی پروازیں بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی فضائی شیڈول کو معمول پر لانے کی کوشش کی جائے گی اور مسافروں کو صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos