فائل فوٹو
فائل فوٹو

دہشتگردی کیخلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ صرف سکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی مشترکہ جنگ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے دفاعی اداروں نے دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے گزشتہ سال بڑے پیمانے پر انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز انجام دیے۔

راولپنڈی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کا مقصد گزشتہ برس دہشت گردی کے خلاف کیے گئے اقدامات اور حاصل ہونے والی کامیابیوں کا جامع جائزہ پیش کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ دو دہائیوں سے زائد عرصے سے لڑی جا رہی ہے اور اس دوران ریاست اور عوام کے درمیان اس معاملے پر مکمل ہم آہنگی اور واضح مؤقف پیدا ہوا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور وہ اپنے مذموم مقاصد کے لیے مذہب کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ ان کے مطابق افغانستان بدقسمتی سے خطے میں دہشت گردی کے لیے بیس آف آپریشن کے طور پر استعمال ہو رہا ہے، جہاں سے مختلف گروہ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز، پولیس، ایف سی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے گزشتہ سال مجموعی طور پر 75 ہزار سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔ ان میں سے 14 ہزار 658 کارروائیاں خیبر پختونخوا میں جبکہ 58 ہزار 778 آپریشنز بلوچستان میں انجام دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں دہشت گرد نیٹ ورکس کو توڑا گیا اور ملک میں امن و استحکام کو تقویت ملی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد گروہوں اور نام نہاد عناصر کا نہ تو بلوچستان سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی بلوچیت سے۔ یہ بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والے عناصر ہیں جو صوبے کے پُرامن عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے ہی اس جنگ میں فیصلہ کن کامیابی ممکن ہے اور پاکستان دشمن قوتوں کے تمام منصوبے ناکام بنائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔