نئی ائرلائن لانے کا فیصلہ۔3ہوائی اڈوں،5بجلی کمپینوں کی بھی نجکاری ہوگی

 

تین ہوائی اڈوں اور دومرحلوں میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی بھی نجکاری ہوگی، نئی ائرلائن بھی لائی جارہی ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرنے کی منظوری دے دی ہے۔یہ بات سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی جو سینیٹر طلحہ محمود کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ تینوں ایئرپورٹس مالی طور پر منافع بخش ہیں تاہم وہاں فراہم کی جانے والی سروسز کا معیار مطلوبہ سطح پر نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آؤٹ سورسنگ کے بعد خدمات ماہر نجی کمپنیوں کے سپرد کی جائیں گی، چاہے یہ کمپنیاں غیر ملکی ہوں، تاہم قیادت پاکستانی ہاتھوں میں رکھنے کو ترجیح دی جائے گی۔

کمیٹی کو اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ ایک نئی فضائی کمپنی ’ساؤتھ ایئر‘ متعارف کرائی جا رہی ہے جو شمالی بلوچستان پر توجہ دے گی، اور جون 2026 تک اس کے بیڑے میں 5 سے 6 اے ٹی آر طیارے شامل ہونے کی توقع ہے۔
دریں اثنا،وزیراعظم شہباز شریف نے خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔وزیراعظم کی زیر صدارت نجکاری کمیشن کے امور پر اجلاس میں وفاقی وزرا، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری و چیئرپرسن نجکاری کمیشن اور دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی ائیر لائن کی نجکاری بارش کا پہلا قطرہ ہے، خسارے کے شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔وزیراعظم نے نجکاری کمیشن میں اصلاحات کے حوالے سے کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ اسٹریٹیجک نظم و ضبط، مضبوط گورننس، ادارہ جاتی استعداد کی بہتری اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شفاف روابط نجکاری کمیشن کی جاری اصلاحات کی بنیاد ہیں اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کو ابتدائی طور پر دو مرحلوں میں رکھا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالا الیکٹرک پاور کمپنی اور فیصل آباد الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری ہو گی ۔وسرے مرحلے میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔