مسافر بس کھائی میں گرنے سے 5 مسافر جاں بحق

دھند کے باعث راستہ بدلنے والی بس کھائی میں گر گئی، 5 جاں بحق

دھند کے دوران بند کی گئی موٹر وے چھوڑ کر متبادل راستہ اختیار کرنے والی مسافر بس   تلہ گنگ کے قریب ڈھوک پٹھان کے مقام پر خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، موڑ کاٹتے ہوئے بس گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 7 خواتین سمیت 27 مسافر زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق بدقسمت بس راولپنڈی سے کراچی جا رہی تھی کہ ڈھوک پٹھان کے قریب تیز موڑ پر ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی کھائی میں جا گری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

ریسکیو اور پولیس حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 33 سالہ محمد اسحاق ولد محمد نواز (لودھراں)، 40 سالہ ضیا احمد ولد محمد رفیق (کوٹلی ستیاں، راولپنڈی) اور 60 سالہ عبدالستار ولد محمد شفیع (ملتان) شامل ہیں، جبکہ دیگر جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 33 سالہ محمد عباس (ملتان)، 26 سالہ ایمان فاطمہ (بہاولپور)، 38 سالہ شکیل (کراچی)، 26 سالہ اسماء بتول (کراچی)، 29 سالہ عقیل شہزاد (خانیوال)، 45 سالہ شاہد حسین (ملتان)، 15 سالہ محمد حسین، 30 سالہ زین فاروق (لیہ)، 31 سالہ مریم نور (لیہ)، 35 سالہ ازرم نور (خانیوال)، 30 سالہ علیزہ ازرم (خانیوال)، 27 سالہ داؤد (بہاولپور)، 43 سالہ داؤد ولد زمان خان (بہاولپور)، 25 سالہ عابد علی (سوات)، 32 سالہ حسیب ارشد (ملتان)، 29 سالہ محمد احمد (ملتان)، 41 سالہ شیر احمد (ملتان)، 20 سالہ مناہل فاطمہ، 60 سالہ محمد اظہر، 40 سالہ محمد عباس، 29 سالہ محمد اظہر ولد تاج (رحیم یار خان)، 31 سالہ جہانگیر سرور (رحیم یار خان)، 32 سالہ شکیل احمد (راولپنڈی)، 24 سالہ محمد اسلام (بہاولپور)، 16 سالہ محمد احمد (بہاولپور)، 50 سالہ محمد اظہر (بہاولپور) اور 60 سالہ محمد اظہر ولد محمد مصطفی شامل ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق تمام زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی ریسکیو آفیسر ڈاکٹر محمد عتیق کی قیادت میں امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن مکمل کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔