لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر ظالم اور مافیا کے لیے پنجاب کی زمین تنگ کر دی گئی ہے اور کسی بھی فتنے یا فساد کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لاہور میں علمائے کرام میں اعزازیہ کارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ امام مسجد معاشرے اور نوجوان نسل کی تربیت میں اہم کردار ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ 70 ہزار اکاؤنٹ کھل چکے ہیں اور ہر امام کو 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ فراہم کیا جائے گا، جو سالانہ 20 ارب روپے کا منصوبہ ہے، اور فروری سے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ادائیگیاں شروع ہو جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فتنہ کی سرکوبی میں ریاست اور عوام کا تعاون ضروری ہے، دین کے نام پر فتنہ اور ظلم کی حوصلہ شکنی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی منافرت اور فساد سے دور رہنا سب کی ترجیح ہونی چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ صوبے میں ڈالا کلچر اور خواتین کی بے حرمتی ختم کی جا چکی ہے، اور ٹریفک قوانین کی سختی سے عوام کو کوئی ذاتی فائدہ نہیں بلکہ عوام کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos