بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، اہم دہشتگرد گرفتار

کوئٹہ: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران دہشتگرد ساجد احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعزاز گورایہ کے مطابق گرفتار دہشتگرد اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہے۔

کوئٹہ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ پنجگور کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے ایک اہم آپریشن کیا، جس کے دوران دہشتگرد ساجد احمد کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پنجگور سے تربت کی جانب بھاری مقدار میں اسلحہ منتقل کر رہا تھا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشتگرد سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیموں کے مواد کی تشہیر میں مرکزی کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ایک اور دہشتگرد جہانزیب مہربان کو بھی گرفتار کیا گیا، جو ریکی اور مالی معاونت میں ملوث تھا۔ جہانزیب نے ایک 18 سالہ نوجوان کو بھی دہشتگردی کی سرگرمیوں میں شامل کیا تھا۔

پولیس کے مطابق ساجد احمد ماضی میں یونیورسٹی آف تربت میں تدریسی فرائض انجام دیتا رہا ہے جبکہ اس کی بھابھی بھی بی وائی سی کی سرگرمیوں میں ملوث پائی گئی۔ مزید کارروائیوں کے دوران بیزل اور خاران کے رہائشی ایک اور دہشتگرد سرفراز کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات نے کہا کہ صوبے بھر میں پولیس کی عملداری قائم ہے اور ہر ضلع میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اداروں کی شاخیں قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔