اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ حکومت آج بھی ہر نوعیت کے مذاکرات کے لیے تیار ہے اور سیاسی و قومی مسائل کا پائیدار حل صرف بات چیت اور ڈائیلاگ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ماضی میں بھی مذاکرات کی حمایت کرتے رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزارتِ پارلیمانی امور نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مؤثر اور مضبوط رابطہ قائم کر رکھا ہے، جبکہ اتحادی جماعتوں کی تجاویز اور تحفظات براہ راست وزیراعظم تک پہنچائے جا رہے ہیں۔
طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم متعدد مواقع پر سیاسی اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات کو ناگزیر قرار دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات سیاست کا بنیادی جزو ہیں اور قومی مسائل کے مستقل حل کے لیے کمیٹیوں کو خصوصی اختیارات دیے جاتے ہیں تاکہ عوام اور سیاسی جماعتوں کی بہتر نمائندگی یقینی بنائی جا سکے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ حکومت نے بات چیت کے لیے مثبت اور کھلی پالیسی اختیار کر رکھی ہے تاکہ اختلافات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ پارلیمانی امور صرف شکایات کے ازالے تک محدود نہیں بلکہ یہ سیاسی اور عوامی نمائندگی کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف وزارتوں میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے اور ملکی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ان کے مطابق دسمبر 2025 تک تمام وزارتوں کی کارکردگی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی، جس کے بعد اس کی تفصیلات میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے رکھی جائیں گی۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ اس رپورٹ کا مقصد وزارتوں میں احتساب کے نظام کو مضبوط بنانا اور وزرا کو اپنی ذمہ داریوں کا جوابدہ بنانا ہے، جبکہ ملک میں سرمایہ کاری اور ترقی کے مثبت اشارے سامنے آ رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos